جموں وکشمیر،امر ناتھ یاترا کی آڑ میں چھاپوں، تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز، سرینگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں تلاشی آپریشن، ٹریفک پابندیوں کے باعث کشمیری باغبانوں کا مالی نقصان

ہفتہ 4 جولائی 2026 18:33

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ہندوئوں کی سالانہ امرناتھ یاترا کی آڑ میں محاصرے و تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں میں تیزی لائی ہے۔ یاترا کیلئے حفاظتی اقدام کے نام پر وادی کے مختلف حصوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس(سی آر پی ایف) اور پولیس اہلکاروں نے سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک (گھنٹہ گھر) اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تلاشی کی مشترکہ کارروائی کی ۔

فورسز اہلکاروں نے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، آٹو رکشوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی لی ۔ راہگیروں اور مسافروں کی شناختی دستاویزات چیک کی گئیں اور انکی سخت تذلیل کی گئی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا یاترا کے طویل روٹس اور شاہراہوں پر سخت پابندیوں کے باعث عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، سخت حفاظتی اقدامات اور ٹریفک پابندیوں کی وجہ سے سیب اور دیگر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی بروقت ترسیل متاثر ہو رہی ہے، جس سے کشمیری باغبانوں کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔مقبوضہ علاقے میں سالانہ امرناتھ یاترا کے حوالے سے کی جانے والی یہ سختیاں خطے میں پہلے سے موجود فوجی دبائو میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔