سعودی پراجیکٹ کے تحت یمن میں مزید 724 بارودی سرنگیں اور جنگی باقیات تلف

یہ پراجیکٹ یمن بھر میں شہریوں کی سیفٹی کو بہتر بنانے اورمعمول کی زندگی کی بحالی میں مدد کر رہا ہے،حکام

اتوار 5 جولائی 2026 16:20

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) یمن میں سعودی مسام پراجیکٹ کی ٹاسک ٹیموں نے المکلا ایگزیکٹیو مائن ایکشن سینٹر کے تعاون سے گزشتہ ہفتے ایک کارروائی کے دوران علاقے 724 بارودی سرنگوں اور جنگ کی باقیات کو تلف کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تلف کیے جانے والے آرڈیننس میں 29 اینٹی پرسنل مائنز، ایک ڈائریکشنل مائن، 88 آرٹلری شیل، 55 مارٹر شیل، 12 گرینڈ راونڈ، 18 آر پی جی پرو پیلینٹ چارجز، 486 آرٹلری شیل فیوز اور17 ٹینک پرو پیلینٹ چارجز شامل ہیں۔

یہ کارروائی حضر موت گورنریٹ میں نواں ڈسپوزل مشن تھا، 17 جنوری سے اب تک 16 ہزار 187 پھٹنے سے رہ جانے والے آرڈیننس، باردودی سرنگیں اور جنگی باقیات کو تباہ کیا جا چکا ہے۔یہ پراجیکٹ یمن بھر میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے ذریعے شہریوں کی سیفٹی کو بہتر بنانے اور متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی کی بحالی میں مدد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یمن میں دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں بچھایا گیا تھا، جو عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ بن رہا تھا۔پراجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں۔