شرمیلا فاروقی کا صفورا ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ

چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی کی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ

جمعرات 9 جولائی 2026 17:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2026ء) رکن قومی اسمبلی/انفارمیشن سیکریٹری کراچی ڈویژن پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی نے چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی ودیگر کے ہمراہ صفورا ٹاؤن کا تفصیلی دورہ کیا اور صفورا ٹاؤن میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین عبدالحق بلوچ،میونسپل کمشنر عالمگیر جونیجو سمیت دیگر معززین موجود تھے۔

رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے صفورا ٹاؤن میں ہونے والے اور جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سلسلے کو جاری رکھ کر عوامی سہولیات میں مزید بہتری لاء جائے گی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین صفورا ٹاون راشد خاصخیلی اور ان کی ٹیم اچھا کام کر رہی ہے ،تیزی سے کام ہو رہا ہے پانی وسیوریج سمیت سڑکوں اور گلیوں کے انفراسٹرکچر کی درستگی کیلئے کافی کام کئے گئے ہیں ،ابھی کافی بہتری کی گنجائش ہے لہذا مزید بہتری لانے کیلئے ترقیاتی کاموں کے سلسلے کو جاری رکھا جائی.چیئرمین صفورا ٹاون راشد خاصخیلی جس طرح ترقیاتی کام سر انجام دے رہا ہیں اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں ،پیپلز پارٹی کے ٹاؤن چیئرمینز بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی نے اس موقع پر انہیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صفورا ٹاؤن میں پانی وسیوریج کے انفراسٹرکچر کو درست کرنے میں کافی وقت لگا اس میں ٹاؤن کو بھی خطیر رقم خرچ کرنی پڑی ،سڑکوں اور گلیوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کیلئے کام کئے جاچکے ہیں اور مزید کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کی تقریبا 40 فیصد کچی آبادی ہے جہاں کے مسائل چیلنجنگ ہیں اور انہیں دور کرنے کیلئے وسائل سے بڑھ کر خدمات سر انجام دیں انہوں نے یقین دہانی کرواء کہ ٹاؤن کو مزید بہتری کی جانب لیجانے کیلئے ترقیاتی عمل کو جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ٹاؤن کے افسران ،پیپلز پارٹی کے عہدیداران آصف خان،بشیر خاصخیلی،فرخ نواز تنولی،سرور خان غازی ،شکیل چوہدری ،تاج محمد وسان ،برکات سومرو ودیگر موجود تھے