صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے اجلاس

ہفتہ 11 جولائی 2026 22:21

صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت  پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2026ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایم ڈی واسا کے دفتر میں حلقہ پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے اہم اجلاس منعقدہوا ۔ترقیاتی منصوبوں میں ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ تا پھاٹک صدر کینٹ ٹرنک سیوریج، 1 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے یوسی 148 کے آمنہ پارک میں ٹیوب ویلز، گلیوں کی مرمت، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبہ جات شامل ہیں ۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا غفران احمد، سید اخلاص شاہ، عبدالوہاب و دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس کے دوران واسا کی جانب سے عمدہ کارکردگی پر متعلقہ افسران کو سراہا بھی گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی پی 153 میں سینکڑوں گلیوں کی مرمت مکمل جبکہ مختلف ترقیاتی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لاکھوں علاقہ مکینوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی جاری ہے ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پی پی 153 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ڈیڈ لائن پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ترقیاتی منصوبوں کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔