جماعت اسلامی کے وفد کی کارگو طیارے کے حادثے میں شہید محمد توفیق کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت

محمد رفیق اور عارف صدیقی سمیت شہید ہونے والے ماہر انجینئرز وعملے کے افراد قوم کا قیمتی سرمایہ تھے، ناگہانی موت بہت بڑا صدمہ ہے، مسلم پرویز

ہفتہ 11 جولائی 2026 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2026ء) قائم مقام امیرجماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز کی قیادت میں وفد نے شارجہ سے کراچی آنے والے کے ٹو ائرویز کے کارگو طیارے کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 کے رہائشی محمد توفیق کے گھر جاکر اہل خانہ ولواحقین سے ملاقات و تعزیت کی۔ وفد میں امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ ودیگر بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

مسلم پرویز نے کے المناک حادثے میںقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ محمد توفیق اورعارف صدیقی سمیت شہید ہونے والے ماہر انجینئرز اور عملے کے افراد قوم کا قیمتی سرمایہ تھے، جن کی ناگہانی موت بہت بڑا صدمہ ہے، ہم مرحومین کے اہلِ خانہ اور تمام سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مسلم پرویز نے تمام شہداء کی مغفرت ، درجات کی بلند ی ،جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور استقامت کی دعا کی۔مسلم پرویز نے تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی وجوہات کا تعین اور شفاف تحقیقات انتہائی ضروری ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :