Live Updates

ملک کے مختلف شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود کر دی ‘ پیٹرولیم ڈیلرز

بدھ 15 جولائی 2026 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود کر دی ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کو معمول سے کم مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈیلرز کے مطابق اگر سپلائی کی صورتحال جلد بہتر نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں متعدد علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے تمام پیٹرول پمپس پر ایلوکیشن نافذ کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کے تحت پمپس کو ان کی طلب کے مطابق مکمل مقدار فراہم کرنے کے بجائے محدود کوٹہ دیا جا رہا ہے جس سے پیٹرول پمپ مالکان اور صارفین دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے مطابق سپلائی میں مسلسل کمی کی وجہ سے بعض علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کا موجودہ ذخیرہ تیزی سے ختم ہو سکتا ہے، پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں اور غیر ضروری خریداری صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے بھی خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس کو پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معمول سے کم مل رہی ہے جس کے باعث قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال واضح کی جائے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پمپس کو مکمل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔پیٹرولیم ڈیلرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبراہٹ میں ضرورت سے زیادہ پیٹرول یا ڈیزل خریدنے سے گریز کریں کیونکہ غیر معمولی طلب سے مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات