مسئلہ کشمیر صرف خطے نہیں ،انسانی حقوق، انصاف اور عالمی ضمیر کا مسئلہ ہے،پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق

ہفتہ 18 جولائی 2026 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ میں کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور عصری مسائل کے عنوان سے ایک شاندار علمی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان بھر کی مختلف جامعات، کالجز اور اسکولوں کے طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ، ثقافتی اہمیت اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے شعور، آگاہی اور تحقیقی سوچ کو فروغ دینا تھا تقریب کی مہمان خصوصی سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق تھی اس موقع پر اساتذہ کرام، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء و طالبات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی علمی مقابلے کے دوران شرکاء سے کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور عصری مسائل سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے، جن کے طلباء و طالبات نے اعتماد، معلومات اور بہترین انداز میں جوابات دیئے مقابلے کے مختلف مراحل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد فائنل راؤنڈ میں الحمد ڈی این این کوئٹہ اور نساء انسٹیٹیوٹ کوئٹہ کی طالبات پہنچیں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد الحمد ڈی این این کوئٹہ کی طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ نساء انسٹیٹیوٹ کوئٹہ کے طالبات نے رنر اپ کی حیثیت حاصل کی مقابلے کے ججز کے فرائض سید رحیم شاہ (اینکر پرسن، پاکستان ٹیلی ویڑن)، زنیرہ درانی (نیشنل ٹرینر) اور منیر خٹک (سینئر لیکچرار، لاء کالج کوئٹہ) نے انجام دیے، جنہوں نے شفاف اور منصفانہ انداز میں شرکاء کی کارکردگی کا جائزہ لیا مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور عالمی ضمیر کا مسئلہ ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور موجودہ حالات سے آگاہ ہونا چاہیے تاکہ وہ حقائق کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں اور دنیا تک کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں پہنچا سکیں انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تعلیمی ادارے ایسے علمی اور فکری پروگراموں کے ذریعے طلبائ میں تحقیق، تنقیدی سوچ اور قومی شعور کو فروغ دیتے رہیں گے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی روبینہ مشتاق نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں ٹرافیاں، اسناد (سرٹیفکیٹس) اور نقد انعامات تقسیم کیے، جبکہ فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والی دونوں انسٹیٹیوٹ کے طالبات کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی علمی صلاحیتوں کو سراہا شرکاء نے اس علمی مقابلے کو نہایت معلوماتی، مؤثر اور نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ایک کامیاب کاوش قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی علمی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔