گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی ملاقات

سالانہ رپورٹ 2025 پیش، عوام کو 4.29 ارب روپے سے زائد ریلیف کی فراہمی سے آگاہ کیا

منگل 21 جولائی 2026 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام کو فوری، مؤثر اور بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوامی شکایات کے بروقت اور منصفانہ ازالے سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے، جبکہ نوجوانوں اور طلبہ میں شہری حقوق، عوامی خدمات اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبائی محتسب اعلیٰ نے ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 گورنر سندھ کو پیش کی اور ادارے کی کارکردگی، عوامی ریلیف، ڈیجیٹل اصلاحات اور آگاہی مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے صوبائی محتسب کے ادارے کی مؤثر کارکردگی، شفافیت، ڈیجیٹل اصلاحات اور عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر سہیل راجپوت نے بتایا کہ عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث ادارے کو موصول ہونے والی شکایات کی تعداد ساڑھے سات ہزار سے بڑھ کر 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کے دوران صوبائی محتسب نے 4.29 ارب روپے سے زائد مالیت کا ریلیف فراہم کیا، جبکہ موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ 90 روز کے اندر یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال 423 کھلی کچہریوں اور 124 آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا، جبکہ جامعات میں آگاہی مہم کے تحت طلبہ کو صوبائی محتسب کے برانڈ ایمبیسیڈر بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ شہری حقوق، محتسب کے کردار اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق عوام میں شعور اور آگاہی کو فروغ دے سکیں۔