کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک مینٹل ہیلتھ اینڈ بیہیویئرل سائنسز پشاور کی نیشنل مینٹل ہیلتھ کانفرنس میں بھرپور شرکت

جمعرات 23 جولائی 2026 17:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پبلک مینٹل ہیلتھ اینڈ بیہیویئرل سائنسز پشاور نے نیشنل مینٹل ہیلتھ کانفرنس 2026 میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان میں ذہنی صحت کے شعبے میں تحقیق، تعلیم، کلینیکل مہارت اور آگاہی کے فروغ کے لیے اپنےعزم کا اعادہ کیا۔ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ نےادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے پینلسٹ کی حیثیت سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین، ڈاکٹر زینب نیر اورامریکا میں مقیم نیورو سائیکالوجسٹ ڈاکٹرنوید کے ہمراہ اہم پینل مباحثے میں شرکت کی۔

اس موقع پرنوجوانوں کو درپیش بڑھتے ہوئے سماجی و جذباتی مسائل، بروقت تشخیص اورمداخلت، شواہد پرمبنی ذہنی صحت کی خدمات اورتعلیمی اداروں و کمیونٹیز میں مربوط نفسیاتی و سماجی معاونت کے نظام کی ضرورت پر گفتگو کی گئی،ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں کو مزید اجاگر کرتے ہوئے ڈیمانسٹریٹرثنا رضا نے ’’پاکستان میں غیرشادی شدہ خواتین میں سماجی بدنامی (سوشل سٹیگما) اورنفسیاتی فلاح و بہبود‘‘کے موضوع پراپنی تحقیق پیش کی جسے ایک اہم مگر نسبتاً کم زیرِ بحث عوامی ذہنی صحت کے مسئلے کو اجاگر کرنے پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی، ان کی تحقیق میں معاشرتی توقعات اورسماجی دباؤ کے نفسیاتی اثرات کو نمایاں کرتے ہوئے ثقافتی حساسیت پر مبنی ذہنی صحت کی مداخلتوں، عوامی شعور کی بیداری اورموثر پالیسی اصلاحات کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع طلبہ نے مختلف سائنسی نشستوں میں شرکت کی، ذہنی صحت کے قومی ماہرین اور محققین سے تبادلہ خیال کیا اورجدید تحقیقی رجحانات سے آگاہی حاصل کی، اس شرکت سے طلبہ کو علمی و پیشہ ورانہ تربیت، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور ذہنی صحت کے شعبے میں جدید تحقیق اورعلاج کے طریقوں سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔