مظفرآباد میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی اہم ملاقات، سیاسی کشیدگی کم کرنے پر مشاورت

جمعرات 30 جولائی 2026 21:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2026ء) مظفرآباد کے ایک نجی ہوٹل میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے تعلقات اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔پیپلز پارٹی کے وفد میں قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور دیگر رہنما شریک ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وفاقی وزیر رانا ثنائ اللہ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مرتضیٰ جاوید عباسی سمیت دیگر رہنما اجلاس میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے آغاز پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر خیرمقدم کیا، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اسی ہوٹل میں موجود ہیں، تاہم وہ ابتدائی مشاورتی اجلاس میں شریک نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان حالیہ سیاسی کشیدگی، بیان بازی اور لفظی جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔

سیاسی ماحول کو بہتر بنانے، باہمی اعتماد کی بحالی اور آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقے اس ملاقات کو آزاد کشمیر کی حالیہ اہم ترین سیاسی سرگرمی قرار دے رہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج سے سیاسی کشیدگی میں کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔