ایم پی پی قیادت عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں، مختلف شہروں اور علاقوں کے دورے

ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ہدایت

جمعہ 31 جولائی 2026 15:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی خصوصی ہدایات پر مرکزی کمیٹی کے ارکان نے کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار اور دیگر علاقوں کے دورے کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور شہریوں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں۔ایم پی پی کے انچارج مرکزی کمیٹی نیحال احمد صدیقی نے مرکزی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں عوام نے پانی کی قلت، صفائی ستھرائی، تجاوزات، ٹریفک کے مسائل، ٹوٹی سڑکوں اور بلدیاتی خدمات کی ناقص صورتحال پر شکایات پیش کیں۔

وفد نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچائے جائیں گے۔دوسری جانب ایم پی پی کے سینئر رہنما محمد پناہ پنیہار نے حیدرآباد آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہریوں نے خراب انفراسٹرکچر، پانی اور سیوریج کے سنگین مسائل، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، نکاسی آب کے ناقص نظام اور ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کے حوالے سے شکایات کیں۔

محمد پناہ پنیہار نے کہا کہ بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔بعد ازاں محمد پناہ پنیہار نے ٹنڈو اللہ یار میں خانزادہ کالونی اور شہر کے دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں عوامی اور تنظیمی ملاقاتیں منعقد ہوئیں۔ مقامی افراد نے روزمرہ شہری مسائل، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، سیوریج کے مسائل اور سڑکوں کی خستہ حالی کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر تنظیمی اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مرکزی کمیٹی کے تمام ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھائیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اسی سلسلے میں سلیم سہروردی، سہیل خان اور آصف قدوس نے نارتھ کراچی اور سینٹرل ڈسٹرکٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ فاروق ملک نے لانڈھی اور کورنگی میں عوامی مسائل اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔

عامر علی بانواز نے گلشنِ اقبال، مقصود قریشی نے اولڈ سٹی ایریا، نعیم استفعہ نے گلستانِ جوہر، رضوان احمد فکری نے اسکیم 33، سیف یار خان نے مختلف لوکل گورنمنٹ دفاتر، زبید اللہ اور صابر نے کے الیکٹرک سے متعلق عوامی شکایات، جبکہ عزیر شاہ نے مختلف ٹی ایم سیز (TMCs) کے دورے کرکے شہری خدمات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایم پی پی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل، شفاف بلدیاتی نظام، بہتر شہری سہولیات اور مؤثر طرز حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوگا جس میں آئندہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواروں، انتخابی حکمت عملی، تنظیمی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی عوامی شکایات اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ایک مؤثر عوامی منشور مرتب کیا جا سکے۔