جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ڈاکٹر محسن یار خان نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی

جمعہ 31 جولائی 2026 15:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) میری پہچان پاکستان کے مرکزی رہنما اور لیبر ونگ کے نگران سیف یار خان کے صاحبزادے ڈاکٹر محسن یار خان نے امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل میڈیا میں ڈاکٹر آف فلاسفی (PhD) کی ڈگری حاصل کرلی ہے، جبکہ انہوں نے اربن پالیسی اینڈ اینالیٹکس میں مائنر بھی مکمل کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محسن یار خان مرحوم پروفیسر ڈاکٹر رفیق یار خان کے پوتے ہیں، جن کی علمی، تحقیقی اور تعلیمی خدمات کو آج بھی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محسن یار خان کی یہ نمایاں کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں، سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ڈاکٹر محسن یار خان اور ان کے والد سیف یار خان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، جو پوری قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

مبارکباد پیش کرنے والوں میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ، ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم این اے حسن صابر، ایم این اے فرحان چشتی، ایم پی اے محمد حسین، معروف سیاسی و سماجی رہنما رؤف صدیقی، عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شیخ صلاح الدین، مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر، معروف اینکر پرسن مبشر لقمان، عبدالوحید حسیب اور دیگر سیاسی، سماجی، علمی و صحافتی شخصیات شامل ہیں، جنہوں نے ڈاکٹر محسن یار خان کی اس شاندار علمی کامیابی کو نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔

ایم پی پی کی مرکزی کمیٹی کے انچارج نیحال احمد صدیقی، جوائنٹ انچارج فاروق ملک، سیکریٹری اطلاعات رضوان احمد فکری، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات نعیم استفعا نمک والا، لیبر ونگ کے رہنما عزیر شاہ، صابر، زبید اللہ، سلیم سہروردی، سہیل خان، آصف قدوس، مقصود قریشی، عامر بانا آواز، محمد پناہ پنیہار، شمس العباد خان اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے بھی ڈاکٹر محسن یار خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایم پی پی لائرز فورم کے عہدیداران، سینئر وکلائ ، ایڈووکیٹس اور قانونی برادری کے نمائندگان نے بھی ڈاکٹر محسن یار خان کی علمی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں اور محنت کے بل بوتے پر عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔رہنماؤں نے اپنے تہنیتی پیغامات میں کہا کہ ڈاکٹر محسن یار خان کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نوجوان محنت، لگن اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر محسن یار خان مستقبل میں ڈیجیٹل میڈیا، اربن پالیسی، تحقیق، ڈیٹا اینالیٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گے۔ایم پی پی کی مرکزی کمیٹی، تمام ونگز، ایم پی پی لائرز فورم، سیاسی رہنماؤں، سماجی شخصیات، صحافیوں، وکلائ ، عہدیداروں اور کارکنان نے ڈاکٹر محسن یار خان کی مزید کامیابیوں، صحت، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔