غیر منظور شدہ کرکٹ لیگ میں شریک کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی،پی سی بی

منگل 4 اگست 2026 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری 20ویں ایشین لیجنڈز لیگ میں بعض سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قواعد کے تحت غیر منظور شدہ ایونٹ ہے،این او سی کے بغیر لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق آئی سی سی نے اس لیگ کو ایونٹس کی منظوری اور کھلاڑیوں کی ریلیز سے متعلق اپنے ضوابط کے تحت غیر منظور شدہ قرار دیا ہے، جبکہ زیمبیا کرکٹ یونین نے بھی اس ٹورنامنٹ کی منظوری نہیں دی۔بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کرکٹر کے لیے بیرون ملک کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل اپنے متعلقہ کرکٹ بورڈ سے (این او سی) حاصل کرنا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق رکن کرکٹ بورڈز پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ غیر منظور شدہ ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف مناسب کارروائی کریں، بصورت دیگر متعلقہ بورڈ کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ایسے تمام افراد جو بورڈ سے مطلوبہ منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر مذکورہ غیر منظور شدہ ایونٹ میں شریک پائے گئے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

بورڈ کے مطابق ایسے افراد کو دو سال تک کسی بھی منظور شدہ غیر ملکی کرکٹ لیگ یا ایونٹ میں شرکت کے لیے پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہیں دو سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تحت کوچنگ، کنسلٹنسی، مینٹورنگ یا کسی بھی دیگر ذمہ داری کے لیے نااہل قرار دیا جائے گا۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ آئی سی سی کے ضوابط پر مکمل عملدرآمد اور کھیل کی شفافیت و گورننس کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ بورڈ نے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک ایسے کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل، جس کے لیے پی سی بی کی اجازت درکار ہو، لازمی طور پر بورڈ سے پیشگی منظوری اور این او سی حاصل کریں۔پی سی بی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ آئی سی سی اور دیگر رکن کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر عالمی کرکٹ کے ضابطوں پر موثر عملدرآمد کو یقینی بناتا رہے گا۔