یونیورسٹی آف سرگودھا کے ای روزگار سنٹر کے زیرِ اہتمام تقریب

جمعرات 6 اگست 2026 17:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ای روزگار سنٹر کے زیر اہتمام ای روزگار پروگرام کا تربیتی مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں گریجویشن تقریب منعقد ہوئی جس میں جدید ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئےتین سوسےزائد گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، ڈائریکٹر اکیڈمکس عظمیٰ شہزادی، مینجر ای روزگار سنٹر ملک کلیم اللہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشی خودمختاری کا راستہ صرف ڈگری سےنہیں بلکہ ایسی عملی مہارتوں سےہموارہوتاہے جو نوجوانوں کو قومی اور عالمی ڈیجیٹل معیشت سے جوڑ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ای روزگار پروگرام اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ اگر نوجوانوں کو درست تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا سکتے ہیں بلکہ اپنے لیے باوقار روزگار کے مواقع بھی پیدا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نوجوانوں کو ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ روز گار پیدا کرنے والا فرد بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ای روزگار پروگرام سے فارغ التحصیل وہ طلبہ جو اپنی کمپنی یا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، یونیورسٹی انہیں رہنمائی، کاروباری معاونت اور آسان شرائط پر مالی سہولت کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن سائنسزپروفیسرڈاکٹرمحمدالیاس نےکہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شروع ہونے والا ای روزگار پروگرام نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ مارکیٹ سے جوڑنے کی ایک کامیاب کاوش ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے اس پروگرام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئےاسکےدائرہ کار اور افادیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے جس کے باعث یہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ ترقی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

علاوہ ازیں، ای روزگار سنٹر کے منیجر ملک کلیم اللہ نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں اب تک 15 بیجز کے ذریعے چار ہزار سے زائد طلبہ تربیت مکمل کر چکے ہیں جن کی اوسط ماہانہ آمدنی ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ گریجویٹ ہونے والے بیج میں متعدد طلبہ نے دورانِ تربیت ہی فری لانسنگ اور دیگر آن لائن ذرائع سے آمدن حاصل کرنا شروع کر دی تھی اور یہ طلبہ مجموعی طور پر اب تک تین کروڑ روپے سے زائد کما چکے ہیں جو پروگرام کی عملی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

تقریب کے دوران کامیاب طلبہ ہارون علی، زہرا جبین، مہوش نوید،حیدر علی، محمد قیصر اور محمد رحمان نے اپنی کامیابی کی داستانیں بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ای روزگار پروگرام سے حاصل ہونے والی تربیت نے انہیں عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں کام کرنے، مالی خودمختاری حاصل کرنے اور اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے تین سو سے زائد طلبہ و طالبات میں گریجویشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔