حوثیوں کے حملے کے بعد آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری ٹریفک اچانک کم ہو گئی

جمعرات 6 اگست 2026 23:35

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2026ء) یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی آئل ٹینکر پر حملے کے دعوے کے بعد خلیج کے اہم بحری راستوں آبنائے ہرمز اور باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں شپنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اہم بحری گزرگاہوں میں گزشتہ روز کے مقابلے میں جہازوں کی آمدورفت میں واضح کمی دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

شپنگ ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے کپلر کے مطابق بدھ کے روز صرف دو تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے۔ ان میں ایک پاناما کے پرچم بردار کوئلہ بردار جہاز آبنائے ہرمز میں داخل ہوا، جبکہ دوسرا مارشل آئی لینڈز کے پرچم والا تجارتی جہاز اس آبی گزرگاہ سے باہر نکلا۔اس سے ایک روز قبل آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد آٹھ تھی، جس کے مقابلے میں موجودہ تعداد نمایاں طور پر کم ہے۔اسی طرح باب المندب میں بھی بحری سرگرمی میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی۔ کپلر کے مطابق بدھ کے روز صرف ایک بہاماس کے پرچم والا خشک مال بردار جہاز اس راستے سے گزرا، جبکہ ایک روز قبل یہاں سے 20 تجارتی جہاز گزرے تھے۔