Live Updates

امریکی انٹیلی جنس ٹرمپ کیخلاف مبینہ ایرانی سازشوں کی اسرائیلی وارننگز کی تصدیق نہ کرسکی

جمعہ 14 اگست 2026 13:19

امریکی انٹیلی جنس ٹرمپ کیخلاف مبینہ ایرانی سازشوں کی اسرائیلی وارننگز ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) امریکی انٹیلی جنس حکام گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی جانب سے دی گئی ان متعدد وارننگز کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنے میں ناکام رہے جن میں کہا گیا تھا کہ ایران صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک موجودہ امریکی عہدیدار اور دو سابق امریکی حکام کا کہناتھا کہ ان وارننگز میں ٹرمپ کو نشانہ بنانے کے لیے اسنائپر کی خدمات حاصل کرنے، کسی بڑے عوامی اجتماع میں چاقو سے حملہ کرنے کے لیے کسی شخص کو تیار کرنے یا ایئر فورس ون پر کندھے سے چلائے جانے والے میزائل سے حملہ کرنے کی مبینہ سازشیں شامل تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ وارننگز جون 2025 میں ہونے والی 12 روزہ جنگ سے قبل سامنے آنا شروع ہوئی تھیں اور فروری میں امریکا کے ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہونے سے قبل ان میں شدت آگئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سب سے تفصیلی وارننگ جولائی میں انقرہ میں ہونے والی نیٹو سربراہ کانفرنس سے قبل دی گئی، جب اسرائیلی حکام نے وائٹ ہاس کو بتایا کہ انٹیلی جنس معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران ایئر فورس ون میں سفر کے دوران ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، جس کے لیے ممکنہ طور پر کندھے سے چلایا جانے والا میزائل استعمال کیا جا سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا نے بتایا کہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے ایرانی خطرات سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کی بعض معلومات کا جائزہ لیا، تاہم ان پر اس کا اعتماد کم درجے کا تھا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات