کراچی، کارپوریٹ سکوک کے اجراء کو آسان بنانے کے لیے ایس ای سی پی کی عملی گائیڈ جاری

پیر 10 اگست 2026 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنیوں کے لیے سکوک کے اجراء کو آسان، تیز اور کم لاگت بنانے کے لیے "اے پریکٹیکل گائیڈ اینڈ ٹول کٹ فار کارپوریٹ ایشوورز" جاری کر دی ہے۔ گائیڈ میں سکوک کے معیاری اسٹرکچرز اور ضروری دستاویزات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کمپنیوں کو سکوک کے اجراء میں آسانی ہو۔

یہ اقدام وزارت خزانہ کی ہدایات کے مطابق پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو فروغ دینے اور کمپنیوں کے لیے کیپٹل مارکیٹ سے شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ کے حصول کے مواقع بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران 72 سکوک کے اجرائ کے ذریعے تقریباً 307 ارب روپے کا سرمایہ حاصل کیا گیا، جو پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں اسلامی فنانسنگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

نئی گائیڈ بک میں سکوک جاری کرنے کا مکمل طریقہ کار آسان اور مرحلہ وار انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس میں ریگولیٹری تقاضے، معیاری سکوک اسٹرکچرز، ٹرانزیکشن فلو، نمونہ درخواستیں اور قانونی دستاویزات شامل ہیں۔ اس سے سکوک کے اجرائ میں قانونی اور دیگر پیچیدگیوں، اخراجات اور درکار وقت میں کمی آئے گی، بالخصوص ان کمپنیوں کے لیے جو پہلی مرتبہ سکوک جاری کرنا چاہتی ہیں۔

گائیڈ بک ایس ای سی پی کے ریگولیٹری تجربے اور شریعہ ایڈوائزری کمیٹی، صنعت کے ماہرین، قانونی ماہرین اور مارکیٹ کے دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ یہ اقدام کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ سروے کی اس اہم سفارش پر بھی عمل درآمد ہے جس میں سکوک کے معیاری اسٹرکچرز اور عملی دستاویزات کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی۔ایس ای سی پی کو توقع ہے کہ اس اقدام سے مزید کمپنیوں کو شریعہ کمپلائنٹ ذرائع سے سرمایہ حاصل کرنے میں سہولت ملے گی اور پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ اور اسلامی کیپٹل مارکیٹس کو فروغ حاصل ہوگا۔