سوات ، مالم جبہ عوامی جرگہ کا امن کے قیام اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف مزاحمت کا اعلان

پیر 10 اگست 2026 19:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) مالم جبہ عوامی جرگہ کا ماہانہ اجلاس پیندہ کوہ ملم جبہ کے سیاحتی مقام پر منعقد ہوا، جس میں کور کمیٹی کے ارکان نے علاقے کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی غور کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مالم جبہ عوامی جرگہ سوات میں دیرپا امن کے قیام اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف اپنے پلیٹ فارم سے بھرپور مزاحمت کرے گا، جبکہ جرگے نے موجودہ تمام مزاحمتی جرگوں اور تحریکوں کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

مشران نے مطالبہ کیا کہ 13 اگست کو ہونے والے لویہ جرگے کے ایجنڈے میں ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت کی بحالی کا معاملہ بھی شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ امن عوام کا بنیادی حق جبکہ خصوصی حیثیت ملاکنڈ ڈویژن کی پہچان ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حالیہ میٹرک امتحانات کے نتائج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر گورنمنٹ ہائی سکول کشورہ کے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ سکول کے پرنسپل اور تمام سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ وہ مستقبل میں بھی مزید محنت سے علاقے کا نام روشن کریں گے۔

عوامی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے مشران نے عوام سے اپیل کی کہ بجلی کے کھمبوں کے ساتھ موجود درختوں کی شاخ تراشی کے سلسلے میں محکمہ واپڈا کے اہلکاروں سے تعاون کیا جائے، جبکہ ملم جبہ فیڈر پر لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے بجلی کے بقایاجات کی بروقت ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ملم جبہ بیلٹ کے مکینوں پر زور دیا کہ مین سڑک کے کناروں پر پانی اور گندگی پھینکنے سے گریز کریں تاکہ سڑک کی حفاظت اور علاقے کی خوبصورتی برقرار رکھی جاسکے۔