میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت، قبر کشائی کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل

جمعرات 13 اگست 2026 16:22

میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت، قبر کشائی کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) : پولیس نے میر رضا قتل کیس میں ترمیم کے بعد ابتدائی اطلاعی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں جمع کرادی۔ اطلاعی رپورٹ کے مطابق 8 اگست کی میڈیکل رپورٹ میں میر رضا کو قتل کیے جانے کے امکانات ظاہر ہوئے ہیں، جس کے بعد مقدمے میں قتل اور شواہد چھپانے کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں۔مجسٹریٹ کی نگرانی میں میر رضا کی قبر کشائی کردی گئی۔

(جاری ہے)

قبر کشائی اور ابتدائی معائنے کے بعد مقدمے میں قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق 28 جولائی کی رات میر رضا اپنی دکان واف لکس سے گھر آیا تھا اور اپنی والدہ کو بتایا کہ وہ پی ای سی ایچ ایس میں واقع دوسرے گھر سے ہوکر آتا ہے۔ رات تقریباً 4 بجے میر رضا اپنے دوسرے گھر گیا تھا۔کافی دیر بعد اہلخانہ نے میر رضا سے رابطے کی کوشش کی تو اس کا موبائل فون بند پایا گیا۔ ابتدائی طور پر اہلخانہ نے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔مقدمے کی تفتیش کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ عدالت نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔