جشن آزادی کے موقع پر ڈی آئی جی سکھر کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری

جمعرات 13 اگست 2026 21:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) جشنِ آزادی کے موقع پر سکھر و لاڑکانہ رینج میں امن و امان کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں ۔ڈی آئی جی سکھر و لاڑکانہ نے سخت احکامات جاری کر دیئے ۔ ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب نے جشنِ آزادی کے موقع پر سکھر و لاڑکانہ رینج بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سکھر و لاڑکانہ رینج کے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو خصوصی سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے ہدایت کی ہے کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔ تفریحی مقامات، عوامی اجتماعات اور دیگر مقامات پر بدنظمی، ہلڑ بازی اور نازیبا حرکات کے مرتکب افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ حساس مقامات، اہم تنصیبات، تفریحی مقامات اور عوامی اجتماعات کے اطراف پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی مزید مؤثر بنائی جائے۔ ڈی آئی جی سکھر و لاڑکانہ رینج نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی کو جوش و جذبے، ذمہ داری، قانون پسندی اور قومی یکجہتی کے ساتھ منائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی، ہوائی فائرنگ یا قانون شکنی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 یا قریبی تھانے کو دیں۔