Live Updates

ہرمز بندش کا توڑ، سعودی آرامکو کا ایشیائی ممالک کو تیل فراہم کرنے کا نیا منصوبہ

منگل 18 اگست 2026 23:05

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور بحری آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث بعض ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آرامکو بعض خریداروں سے نجی مذاکرات کررہی ہے اور عرب میڈیم اور عرب ہیوی خام تیل متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب سمندر میں جہاز سے جہاز منتقلی کے ذریعے فراہم کرنے کی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تیل ستمبر میں لوڈ کیا جانا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ایشیائی خریداروں تک خام تیل پہنچانا ہے، جہاں سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیاں اپنے جہاز بھیجنے سے گریز کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

آبنائیہرمزسعودی آرامکو نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ کمپنی پہلے ہی عرب لائٹ خام تیل کی کچھ برآمدات بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرچکی ہے، جبکہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ سیدی کریر سے بھی تیل کی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں جاری رکاوٹوں نے بھارت سمیت اہم ایشیائی منڈیوں میں آرامکو کے تیل کی فروخت کو متاثر کیا ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے خلیج کے اندر سے خام تیل ہرمز سے باہر پہنچا کر اپنی برآمدات جاری رکھی ہیں۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات