نئے انتظامی یونٹس، فاروق ستار کا بلاول بھٹو کو مناظرے کا چیلنج

بلاول بھٹو جہاں مناظرے کے لیے آنا چاہیں، وہاں بیٹھنے کو تیار ہوں، ایم کیو ایم رہنما

جمعہ 21 اگست 2026 12:40

نئے انتظامی یونٹس، فاروق ستار کا بلاول بھٹو کو مناظرے کا چیلنج
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے، جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر جہاں مناظرے کے لیے آنا چاہیں، وہ وہاں بیٹھنے کو تیار ہیں۔

اس معاملے پر کھل کر بحث ہونی چاہیے تاکہ عوام کے سامنے تمام حقائق آسکیں۔فاروق ستار نے کہا کہ پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا جائے، جس کے بعد سب کو عوام کی رائے اور حقیقت کا اندازہ ہوجائے گا۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے 18ویں آئینی ترمیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ اس اقدام کے ذریعے چند خاندانوں کی اجارہ داری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے کا بنیادی مقصد انتظامی معاملات کو بہتر بنانا، عوام کو سہولیات کی فراہمی آسان بنانا اور اختیارات کو زیادہ مؤثر انداز میں تقسیم کرنا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے دھاندلی کے خدشات کے باعث انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دھاندلی ہونی ہی تھی تو اب اس معاملے پر ایم کیو ایم کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ اور کھلی بحث کرنی چاہیے، تاکہ عوام بھی اس کے فوائد اور نقصانات سے آگاہ ہوسکیں۔