محمد یحییٰ کے اعزاز میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے الوداعی ظہرانہ

اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد، پاکستان میں انسانی بہبود اور پائیدار ترقی کے لیے خدمات کو خراج تحسین

جمعہ 21 اگست 2026 17:17

سکھر/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کے اعزاز میں ان کی رہائش گاہ پر پروقار الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ظہرانے کا مقصد پاکستان میں اقوام متحدہ کے نظام کی قیادت کرتے ہوئے محمد یحییٰ کی گراں قدر خدمات کا اعتراف، انہیں خراج تحسین پیش کرنا اور اقوام متحدہ میں اعلیٰ عالمی ذمہ داری پر تقرری پر مبارکباد دینا تھا۔

محمد یحییٰ نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے انسانی بہبود، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات سے نمٹنے، انسانی امداد اور کمزور طبقات کی معاونت سمیت مختلف اہم شعبوں میں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے محمد یحییٰ کو اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ سمیت اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس کی سربراہ افکے بوٹس مین، چیف فیلڈ آفیسر یونیسیف سندھ پریًم چند بہادر اور صوبائی کوآرڈینیٹر یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس سندھ عمران خان لغاری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد یحییٰ نے پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں غیر معمولی لگن، بصیرت اور انسان دوست جذبے کے ساتھ انجام دیں، جبکہ ان کی قیادت میں اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملا۔

سید ناصر حسین شاہ نے بھی محمد یحییٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد یحییٰ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں اور تجربے کے ذریعے انسانیت کی خدمت جاری رکھیں گے۔محمد یحییٰ نے پرتکلف ظہرانے اور محبت و احترام پر مبنی میزبانی پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں اپنے قیام کے دوران حکومت، اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں کے تعاون کو سراہا۔