ایس ای سی پی چیئرمین کا پاکستان میں موبیز کی توسیع کا خیرمقدم، ڈیجیٹلائزیشن کو معاشی ترقی کا اہم محرک قرار

جمعرات 27 اگست 2026 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی مسابقت کا انحصار ڈیجیٹلائزیشن، جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ماڈلز کو مؤثر طور پر اپنانے پر ہے۔اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت ٹیکنالوجی پروفیشنلز ملک کو آئی ٹی سروسز، ڈیجیٹل سلوشنز اور عالمی ٹیکنالوجی سروسز کا اہم علاقائی مرکز بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ایس ای سی پی ایک شفاف، مؤثر اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ریگولیٹری ماحول کے قیام کے لیے کارپوریٹ سیکٹر، کیپٹل مارکیٹس، انشورنس، نان بینک فنانشل سروسز اور کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹس کے ریگولیٹری فریم ورک کو مسلسل آسان اور جدید بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کاروبار کی لاگت اور وقت کم کرنے، شفافیت و ریگولیٹری تعمیل بہتر بنانے، سرمایہ کاری میں سہولت دینے اور کاروبار کو مؤثر انداز میں وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ایس ای سی پی کا مقصد ریگولیٹری عمل کو مزید ڈیجیٹل، سہل اور کاروبار دوست بنانا ہے، جبکہ گورننس اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے معیارات برقرار رکھنا بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اور بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں، جبکہ معیاری روزگار کے مواقع اور پاکستانی پروفیشنلز کو عالمی منڈیوں سے جوڑنا اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے،اس تناظر میں ایس ای سی پی چیئرمین نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) سلیکون 1، کراچی میں دفتر کے ذریعے موبیز (MOBIZ) کی پاکستان میں توسیع کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ چار براعظموں میں 170 سے زائد پروفیشنلز اور کلاؤڈ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی میں مہارت رکھنے والی موبیز کی موجودگی پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم میں موجود مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے موبیز اور اس کی قیادت کو اس اہم سنگِ میل پر مبارکباد دی اور پاکستان میں کمپنی کی مزید کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔