یوکرین جنگ میں طبی سہولتوں پر اب تک 3,205 حملے ہو چکے، ڈبلیو ایچ او

یو این ہفتہ 29 اگست 2026 06:30

یوکرین جنگ میں طبی سہولتوں پر اب تک 3,205 حملے ہو چکے، ڈبلیو ایچ او

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 29 اگست 2026ء) یوکرین میں فروری 2022 سے شروع ہونے والے روس کے بڑے پیمانے پر حملے کے بعد ملک میں طبی سہولیات کو 3,205 مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے جس سے امدادی اداروں کی لوگوں کو ہنگامی طبی مدد دینے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

ملک میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے یارنو ہابخت نے بتایا ہے کہ رواں سال اب تک امداد ذخیرہ کرنے والے گوداموں پر 20 حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں 13 ایسے گودام بھی شامل ہیں جہاں طبی سامان اور ادویات رکھی گئی تھیں۔

جولائی میں دارالحکومت کیئو اور رواں ماہ نیپرو میں ادارے کی تنصیبات پر ایسے ہی حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں بڑی مقدار میں ادویات اور طبی آلات ضائع ہو گئے۔ یہ سامان دو لاکھ 25 ہزار افراد کی مدد کے لیے رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انتہائی مشکل اور خطرناک حالات کے باوجود 'ڈبلیو ایچ او' اور اس کے شراکت دار انسانی امداد و طبی مشاورت کی فراہمی اور یوکرین کے نظام صحت کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دشوار گزار علاقوں میں امداد کی فراہمی

رواں سال ادارے کے نو اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے مشترکہ 22 قافلوں نے مشکل رسائی والے علاقوں میں واقع 50 سے زیادہ آبادیوں تک ادویات، طبی آلات اور دیگر سامان پہنچایا ہے۔

'ڈبلیو ایچ او' کی معاونت سے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران یوکرین کے سات علاقوں کے بنیادی مراکز صحت میں 13,130 طبی مشورے فراہم کیے گئے۔

جہاں دواخانوں کا نظام فعال نہیں، وہاں رواں سال 28,400 افراد کو نسخے کے بغیر استعمال ہونے والی ضروری ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر ہابخت نے کہا کہ ادارے کے جامع امدادی پروگرام کے تحت 300 سے زیادہ طبی مراکز کو آلات اور ضروری سامان فراہم کیا گیا ہے۔ ان میں بنیادی مراکز صحت، ہسپتال، لیبارٹریاں اور عارضی طبی مراکز شامل ہیں۔ اس معاونت کے ذریعے تقریباً 30 لاکھ افراد تک طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔

ذہنی و نفسیاتی صحت کے پروگرام

'ڈبلیو ایچ او' کے نمائندے نے یہ بھی کہا کہ جنگ یوکرین کے طبی کارکنوں پر غیر معمولی بوجھ ڈال رہی ہے۔ ادارے کی حالیہ تحقیق کے مطابق ایک چوتھائی سے زیادہ ڈاکٹر اور نرسیں ایسی علامات کی شکایت کر چکے ہیں جو ڈپریشن سے مطابقت رکھتی ہیں جبکہ ہر پانچ میں سے ایک طبی کارکن میں اضطرابی بیماری کی علامات پائی گئیں۔

ادارہ طبی کارکنوں کی ذہنی صحت اور نفسیاتی بہتری کے لیے متعدد پروگرام بھی چلا رہا ہے۔

ڈاکٹر ہابخت نے خبردار کیا کہ یوکرین کو ایک اور سخت موسم سرما کا سامنا ہے۔ 'ڈبلیو ایچ او' لوگوں کو موسمی سختیوں سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ طبی خدمات کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے مراکز صحت میں حرارت کی فراہمی کے 30 نظام نصب کیے گئے ہیں جبکہ مزید 22 نظام موسم سرما سے قبل نصب کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز سے جمعہ کی صبح تک یوکرین کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 12 شہری ہلاک اور 65 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں محاذ جنگ کے قریب واقع علاقے خاص طور پر متاثر ہوئے۔ رواں ماہ یوکرین میں امدادی سرگرمیوں سے وابستہ کم از کم چھ گودام حملوں سے متاثر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی کا فوری خاتمہ کرتے ہوئے مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی عمل میں لائی جائے۔