شمالی کوریا اور روس کے درمیان پہلے پل کا افتتاح کردیا گیا

دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ہوائی اور ریل رابطے پہلے سے ہی موجود ہیں،رپورٹ

پیر 7 ستمبر 2026 18:20

ْپیانگ یانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2026ء) شمالی کوریا اور روس کو زمینی راستے سے ملانے والے پل کا افتتاح کر دیا گیا۔ روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دریائے تومن پر تعمیر کیے گئے اس پل کو دونوں ممالک نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔یہ نیا پل موجودہ فرینڈشپ برج کے قریب واقع ہے جو کہ ایک ریلوے پل ہے اور اسے کوریا کی جنگ کے بعد 1959 میں فعال کیا گیا تھا، واضح رہے کہ ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان براہ راست ہوائی اور ریل رابطے پہلے سے ہی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

روسی وزیر اعظم میخائل مشوستن نے کہا کہ اس پل سے سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان ترقی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس نئے پل کی تعمیر پر کئی برسوں سے بات چیت جاری تھی تاہم 2024 میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورہ شمالی کوریا کے دوران اس حوالے سے حتمی اتفاق کے بعد اس پر کام کا باقاعدہ آغاز گزشتہ برس اپریل میں کیا گیا تھا۔2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور شمالی کوریا کی جانب سے 2024 میں اس جنگ میں اپنے ہزاروں فوجی بھی بھیجے تھے۔