ٌچیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کا معاملہ،وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈرکے خط کا جواب دیدیا

ً آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2026ء) چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے معاملے پروزیراعظم شہبازشریف نے اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی کے خط کا جواب دیدیا۔وزیر اعظم کی جانب سے جواب میں آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی ہے ۔اپوزیشن لیڈر کوئٹہ سے واپسی پر خط کے حوالے سے اپوزیشن کے رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے ۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب بھجوا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کا خط اپوزیشن لیڈر کو موصول ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے خط لکھا تھا۔ رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور وہ آئندہ دو تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے۔

اسلام آباد پہنچنے کے بعد وہ وزیراعظم کے خط پر پی ٹی آئی رہنماں سے مشاورت کریں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماں سے بھی مشورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی وزیراعظم کے خط پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی اعتماد میں لیں گے۔۔۔۔ اعجاز خان