بی آر آئی محض اقتصادی منصوبہ نہیں، اقوام کو قریب لانے کا مؤثر پلیٹ فارم ہی: جام کمال

۔سی پیک نے پاکستان کو علاقائی روابط کا اہم مرکز بنا دیا، پاکستان وسطی ایشیا اور مغربی چین کو گرم پانیوں سے منسلک کر رہا ہے

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:35

- اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2026ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا پٴْرعزم حامی ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ملک کے معاشی منظرنامے کو نئی شکل دیتے ہوئے پاکستان کو علاقائی تجارت اور روابط کا اہم مرکز بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو محض اقتصادی منصوبہ نہیں بلکہ ممالک اور اقوام کو قریب لانے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے علاقائی تعاون تجارتی راستوں سے آگے بڑھ کر مربوط ویلیو چینز میں تبدیل ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے 11ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور مغربی چین کو گرم پانیوں اور اپنی بندرگاہوں سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے، سڑکوں اور ٹرانزٹ ٹریڈ روابط کی توسیع پاکستان کو وسطی ایشیا کے لیے ایک مختصر اور مؤثر تجارتی راستہ بنا رہی ہے، جبکہ ملک مغربی، وسطی اور مشرقی ایشیا کے درمیان اہم تجارتی پل کے طور پر ابھر رہا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ علاقائی روابط پاکستان کے لیے ڈیڑھ ارب صارفین پر مشتمل وسیع منڈیوں کے دروازے کھول رہے ہیں۔ بندرگاہی اصلاحات، ڈیجیٹل کسٹمز اور جدید لاجسٹکس کے ذریعے تجارت میں وقت اور لاگت کم کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان ایک ابھرتے ہوئے ٹرانس شپمنٹ مرکز کے طور پر سرمایہ کاروں کو وسیع علاقائی منڈیوں تک رسائی فراہم کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کے بدلتے تقاضوں کے پیش نظر ڈیجیٹل جدت، پائیداری اور ہنرمند روزگار کو تجارتی ڈھانچے کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔ پاکستان کی معاشی حکمت عملی برآمدات میں اضافے، صنعتی جدیدکاری اور سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے پر مبنی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی اور بہتر کریڈٹ ریٹنگ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ توانائی، بنیادی ڈھانچے، معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری ملک پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

جام کمال خان کے مطابق ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، علم پر مبنی صنعتوں اور خدمات کو عالمی ویلیو چینز سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ پاکستان زراعت، اہم معدنیات اور انسانی وسائل کے وسیع امکانات رکھتا ہے اور جدید بیج، موسمیاتی اسمارٹ زراعت اور بہتر سپلائی چینز کے ذریعے غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تانبے، کوئلے اور اہم معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کو شفاف اور کاروبار دوست نظام کے تحت اپنے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے پاکستانی افرادی قوت کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 40 ارب ڈالر کی سالانہ ترسیلاتِ زر بیرون ملک پاکستانیوں کی مہارت اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کو مزید ہنرمند بنا کر پاکستان عالمی معیشت میں اپنی مسابقتی حیثیت بہتر کرسکتا ہے۔

جام کمال خان نے بی آر آئی کے شراکت دار ممالک کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، صنعت، توانائی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان مذہبی، ثقافتی اور قدرتی سیاحت کے بے مثال مواقع بھی رکھتا ہے، جنہیں بہتر روابط، سرمایہ کاری اور جدید سہولیات کے ذریعے عالمی سیاحتی منڈی کا اہم حصہ بنایا جاسکتا ہے۔