قائداعظم قوم کے محسن، ان کے اصولوں پر عمل ہی بہترین خراج عقیدت ہے، صادق شیخ

بانی پاکستان کی جدوجہد، اصول پسندی اور سیاسی بصیرت آج بھی قوم کیلئے مشعل راہ ہے، رہنما مسلم لیگ (ق)

جمعہ 11 ستمبر 2026 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور چوہدری شجاعت حسین لورز پاکستان کے بانی و مرکزی صدر محمد صادق شیخ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح قوم کے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں پر ہمیشہ فخر کرتی ہیں۔ قائداعظم کا 78واں یوم وفات عقیدت و احترام سے مناکر قوم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بانی پاکستان کی قومی خدمات، سیاسی بصیرت، اصول پسندی اور قیام پاکستان کیلئے انتھک جدوجہد کو ہمیشہ خراج عقیدت پیش کرتی رہے گی۔

اپنے بیان میں محمد صادق شیخ نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے سیاسی، معاشرتی اور آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے طویل جدوجہد کی اور مسلمانوں کو منظم سیاسی قوت بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کی مدبرانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے الگ وطن کے حصول کی جدوجہد منظم کی، جس کے نتیجے میں 14 اگست 1947ئ کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد قائداعظم نے نومولود مملکت کے پہلے گورنر جنرل کی حیثیت سے انتہائی مشکل حالات میں ریاستی امور کی بنیاد رکھنے کی ذمہ داری سنبھالی۔

لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری، انتظامی ڈھانچے کی تشکیل، معاشی مشکلات اور ریاستی اداروں کے قیام جیسے بڑے چیلنجز درپیش تھے، تاہم قائداعظم نے علالت کے باوجود ان معاملات پر بھرپور توجہ دی اور نئی ریاست کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے شب و روز کام کیا۔صادق شیخ نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی زندگی کا بنیادی وصف اصول پسندی، دیانت داری، نظم و ضبط، آئینی جدوجہد اور قومی یکجہتی تھا۔

ان کا تصور پاکستان ایسا معاشرہ تھا جہاں تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہوں اور اقلیتوں سمیت ہر فرد کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ 11 اگست 1947ئ کی قائداعظم کی تاریخی تقریر میں شہریوں کے بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کے حوالے سے ان کا واضح مؤقف سامنے آتا ہے۔ قائداعظم نے قانون کی حکمرانی اور مساوی شہری حقوق کو ریاست کی بنیاد قرار دیا۔

محمد صادق شیخ نے کہا کہ قائداعظم11 ستمبر 1948ء کو طویل علالت کے بعد کراچی میں وفات پاگئے، قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد ان کا انتقال قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان تھا۔ آج پوری قوم اس عزم کی تجدید کرتی ہے کہ پاکستان کو مضبوط، خوشحال، باوقار اور متحد ریاست بنانے کیلئے قائداعظم کے اصولوں پر عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو قومی زندگی میں اختیار کرنا ہی بانی پاکستان کی جدوجہد کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

نوجوان نسل کو قائداعظم? کی زندگی، کردار اور جدوجہد سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔صادق شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں قوم، بالخصوص نوجوان، مشکلات کا مقابلہ حوصلے، اعتماد، اتحاد اور پختہ عزم کے ساتھ کریں گے اور ملک کو مزید مضبوط و خوشحال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، قربانیاں اور اصول آج بھی پاکستانی قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔