Live Updates

ؒپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ایک اور معاشی بوجھ ہے، مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ ہے، فاروق ستار

،حکومت اضافی لیوی اور ٹیکسز فوری ختم کرے، وزیراعظم ریلیف پیکیج عام آدمی کی دسترس میں پہنچایا جائے، ایم کیو ایم پاکستان

بدھ 16 ستمبر 2026 21:20

-کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2026ء) : ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ پہلے سے مہنگائی کے شکار عوام پر ایک اور معاشی بوجھ ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑیں گے، جس سے عام شہری کے روزمرہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں، لیکن اس کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ شہریوں کو مزید معاشی دباؤ کا شکار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کو اضافی مشکلات سے بچانے کے لیے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی لیوی اور ٹیکسز فوری طور پر ختم کیے جائیں تاکہ عوام کو قیمتوں میں ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے محصولات کے اہداف اور عوام کی معاشی مشکلات کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کو حقیقی معنوں میں عام آدمی کی دسترس تک پہنچایا جائے اور اس کے ثمرات براہِ راست مستحق شہریوں تک منتقل کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے جن سے عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ممکنہ ریلیف مل سکی
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات