بابر اعظم کا دوبارہ کپتانی قبول کرنے کا فیصلہ غلط ہے: وسیم اکرم

اگر بابر اعظم کو ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کا علم نہیں تو پھر وہ کپتان کی حیثیت سے کیا کر رہے ہیں : لیجنڈری فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 21 ستمبر 2026 10:19

بابر اعظم کا دوبارہ کپتانی قبول کرنے کا فیصلہ غلط ہے: وسیم اکرم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2026ء ) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بابراعظم کے قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی لینے کو غلط فیصلہ قرار دے دیا۔ 
مانچسٹر میں سابق کپتان وقار یونس کے ساتھ چیریٹی فنڈریزنگ پروگرام میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے 60 سالہ وسیم اکرم نے کہا کہ میں کسی کو الزام نہیں لگانا چاہتا اور میں غلط بھی ہو سکتا ہوں لیکن میرے خیال میں بابراعظم کو کپتانی لینی ہی نہیں چاہیے تھی، یہ سب غیر ضروری تھا۔

(جاری ہے)

 
وسیم اکرم کا کہنا تھا تیسرے ٹیسٹ میں ٹاس کے موقع پر بابر اعظم سے 7 کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی پر پوچھا گیا، بابر اعظم نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم، اگر آپ کو نہیں پتہ تو آپ یہاں کیا چنے بیچنے آئے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا بطور کھلاڑی یا شخص میں سمجھتا ہوں کہ اگر آپ کا لیڈر یا کپتان آپ کی سائیڈ نہیں لیتا تو آپ اپنا 100 فیصد نہیں دے سکتے، میری رائے ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے بعد جو کچھ ہوا بابر اعظم کو کہنا چاہیے تھا کہ وہ صرف بطور کھلاڑی کھیلیں گے۔