ایشین گیمز کیلئے پاکستان وائٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع

پیر 21 ستمبر 2026 19:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2026ء) ایشین گیمز 2026ء کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے مختصر تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل سٹیڈیم میں چار روزہ تربیتی کیمپ جمعرات تک جاری رہے گا۔ پہلے دن قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے مختلف مشقیں کیں جن میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ شامل ہیں۔

کیمپ کے اختتام پر پاکستان سکواڈ کی جاپان روانگی طے ہے، 5کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم لیگ مصروفیات کے بعد سکواڈ کا حصہ بنیں گے،24 ستمبر کی درمیانی شب 21رکنی قومی دستہ جاپان روانہ ہو جائے گا۔ قومی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر)شامل ہیں۔

(جاری ہے)

5رکنی سپورٹ سٹاف مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (بولنگ کوچ)، شین میکڈرماٹ (فیلڈنگ کوچ)، محمد طاہر (فزیو تھراپسٹ)، عمران اللہ (ٹرینر)اور عثمان ہاشمی (اینالسٹ)پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ جاپان میں جاری ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 24 ستمبر سے ہوگا، ابتدائی رائونڈ میں 6ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے 4کوارٹر فائنل میں جگہ میں بنائیں گی۔

24ستمبر کو افغانستان کا جاپان اور ہانگ کانگ کا ملائیشیا، 25ستمبر کو ہانگ کانگ کا عمان اور افغانستان کا نیپال جبکہ 26ستمبر کو جاپان کا نیپال اور ملائیشیا کا عمان سے مقابلہ طے ہے۔ 28ستمبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان، دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت، 29ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا اور چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلادیش اپنی حریف ٹیموں سے مقابلہ کریں گے۔ یکم اکتوبر کو دونوں سیمی فائنل مقابلے ہوں گے جبکہ گولڈ میڈل کے لیے فائنل 3اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔