Live Updates

کراچی ایئرپورٹ پر ویکسینیشن سینٹر آج سے 24 گھنٹے فعال ہوگا

بین الاقوامی مسافروں کو سفری تقاضوں کے مطابق ویکسین فراہم کی جائے گی، میننجائٹس کی فیس 2785، انفلوئنزا 1720 روپے مقرر

بدھ 23 ستمبر 2026 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2026ء) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے انٹرنیشنل ٹریولر ویکسینیشن سینٹر آج(24 ستمبر )سے 24 گھنٹے فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ کے اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں قائم ویکسینیشن سینٹر سے مسافروں کو ان کی منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے شیڈول کے مطابق قابل اطلاق ویکسین فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق بین الاقوامی سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ویکسینیشن لازمی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ پولیو ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق انفلوئنزا ویکسین ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں جبکہ میننجائٹس ویکسین 12 سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ہوگی، جبکہ پولیو ویکسین سال میں ایک بار لگوانا ہوگی۔

حاملہ خواتین کو موجودہ انتظامات کے تحت صرف انفلوئنزا ویکسین دی جائے گی، جبکہ دودھ پلانے والی مائیں تینوں ویکسین لگوا سکتی ہیں۔بائیومیٹرک تصدیق میں دشواری کی صورت میں مسافر کو مجاز عملے کے پاس بھیجا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر دستی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاسکے گا۔ نادرا، پاک آئی ڈی یا ای سہولت کی ادائیگی کی رسید 90 روز تک قابل استعمال ہوگی۔

بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق غیر ملکی شہریوں کو مذکورہ ویکسینیشن تقاضوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب جانے والے مسافروں کی ویکسینیشن تصدیق کے لیے ٹریول ایجنٹس کو فوری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ ایئرلائنز، ٹریول ایجنٹس اور گراؤنڈ ہینڈلرز مسافروں کو ویکسینیشن کے تقاضوں سے آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔حکام نے واضح کیا کہ جعلی یا مشکوک ویکسینیشن سرٹیفکیٹس قبول نہیں کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ صحت کی تصدیق کے عمل میں مداخلت یا قانونی ہدایات کی خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔نئے انتظامات 10 اکتوبر صبح 10 بجے تک نافذ العمل رہیں گے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات