نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا

15 اکتوبر کے بعد صرف ای-پاسپورٹ کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی. ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 ستمبر 2026 19:29

نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا
اسلام آباد(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر ۔2026 ) پاکستان میں نئے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، 15 اکتوبر یا اس کے بعد تمام درخواستیں صرف اور صرف ای-پاسپورٹ کے لیے ہی وصول کی جائیں گی تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ملک بھر اور بیرونِ ملک موجود تمام پاسپورٹ دفاتر کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا مکمل طور پر بند کرنے اور صرف جدید ای-پاسپورٹ جاری کرنے کرنے کا فیصلہ کرلیاہے.

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی پروسیسنگ روکنے کا پلان ترتیب دے دیا ہے شہری 14 اکتوبر 2026 تک ہی پرانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی نئی درخواستیں جمع کرا سکیں گے 15 اکتوبر یا اس کے بعد تمام درخواستیں صرف اور صرف ای-پاسپورٹ کے لیے ہی وصول کی جائیں گی. جن شہریوں کے پاس پرانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ موجود ہیں وہ اپنی میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے، تاہم ان کی میعاد ختم ہونے پر ان کی تجدید نہیں کی جائے گی بلکہ ان کی جگہ ای-پاسپورٹ ہی جاری ہوگا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جون 2026 میں پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے دوران جعلی پاسپورٹس اور فراڈ کے خاتمے کے لیے ای-پاسپورٹس پر مکمل منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا.

اس پالیسی کے احکامات تمام اندرونِ ملک دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں کو بھیج دیے گئے ہیں ای پاسپورٹ کی فیس صفحات اورمعیاد کی بنیاد پر وصول کی جائے گی36 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر ہے‘36 صفحات کے 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 22 ہزار 500 روپے ہے 72 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16 ہزار 500 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے ہے اسی طرح 72 صفحات کے 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 روپے جبکہ ارجنٹ فیس 40 ہزار 500 روپے مقرر ہے.

خیال رہے ای-پاسپورٹ ایک انتہائی محفوظ سفری دستاویز ہے جس کے اندر ایک الیکٹرانک کانٹیکٹ لیس این ایف سی چپ نصب ہوتی ہے اس چپ میں شہری کا بائیومیٹرک ڈیٹا، چہرے کی تفاصیل، شناختی نمبر اور ڈیجیٹل دستخط محفوظ ہوتے ہیں بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق تیار کردہ یہ پاسپورٹ ہولڈرز کو دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر”ای-گیٹ“ کی سہولت استعمال کرنے کا اہل بنائے گا جس سے امیگریشن کی لائنوں میں تاخیر نہیں ہوگی.