عمران خان نے لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا ہے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہی آگاہ کریں گے، بیرسٹر گوہر

جمعہ 25 ستمبر 2026 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2026ء) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا ہے اس سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہی آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کو کچھ فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا ہے، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقل کی حکمت عملی زیر بحث آئی ہے، لانگ مارچ کا اختیار وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان نے دیا ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا لانگ مارچ کو لیڈ کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے، ہم سیاسی جماعت ہیں اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں، ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں، میں دونوں اپوزیشن لیڈران کی بے پناہ عزت کرتا ہوں ، کوئی بھی بات فون پر نہیں خود ان کے پاس آکر بتاتا ہوں۔