خیبر پختونخوا کے 37 مراکز صحت آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ

مراکز صحت کی آئوٹ سورسنگ کا مقصد صحت کے شعبے میں معیار، رسائی اور کوریج کو بہتر بنانا ہے ، ہیلتھ فائونڈیشن اہل اور تجربہ کار فرموں، تنظیموں اور جوائنٹ وینچرز سے دلچسپی کے اظہار کی درخواستیں طلب کر لی گئی ، رپورٹ

پیر 28 ستمبر 2026 17:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2026ء) خیبر پختونخوا ہیلتھ فائونڈیشن نے صوبے کے 37 مراکز صحت کی مینجمنٹ اور آپریشنز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔خیبر پختونخوا ہیلتھ فائونڈیشن کے مطابق مراکز صحت کی آئوٹ سورسنگ کا مقصد صحت کے شعبے میں معیار، رسائی اور کوریج کو بہتر بنانا ہے اس سلسلے میں اہل اور تجربہ کار فرموں، تنظیموں اور جوائنٹ وینچرز سے دلچسپی کے اظہار کی درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

فائونڈیشن کے مطابق دیر لوئر، ہنگو، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، اورکزئی، بونیر، پشاور اور سوات کے مراکز صحت آئوٹ سورسنگ کے لیے فہرست میں شامل ہیں۔اسی طرح شانگلہ، نوشہرہ، شمالی وزیرستان، مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں کے مراکز صحت بھی آئوٹ سورسنگ کے منصوبے کا حصہ ہوں گے۔خیبر پختونخوا ہیلتھ فائونڈیشن کے مطابق ہر صحت مرکز کو الگ پراجیکٹ تصور کیا جائے گا، جبکہ خواہشمند امیدواروں کو فارم 4 کے مطابق اپنی ترجیحات ظاہر کرنا ہوں گی۔فائونڈیشن نے واضح کیا کہ مراکز صحت کی مینجمنٹ اور آپریشنز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آٹ سورس کیے جائیں گے، جس کے لیے اہل اور تجربہ رکھنے والی فرموں، تنظیموں اور جوائنٹ وینچرز سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔