بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں اختتام پذیر، کوئٹہ پولیس چیمپئن قرار

منگل 29 ستمبر 2026 22:17

بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں اختتام ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2026ء) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس اپنے فرائض کی بجا آوری کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرکے اپنا نام روشن کررہی ہے۔ ہم نوجوانوں کو ڈیوٹی کے علاوہ کھیلوں سمیت غیر سماجی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ پولیس کے زیر اہتمام فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں منعقدہ بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ میں فائنل میچ میں کوئٹہ پولیس کی ٹیم کی جانب سے واپڈا کی ٹیم کو ہرا کر کامیابی حاصل کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے 23 سے 28 ستمبر 2026 تک منعقدہ بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ منعقد ہوا جس میں مرداور خواتین کے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔

(جاری ہے)

فائنل میچ واپڈا اور کوئٹہ پولیس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ پولیس نے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔اختتامی تقریب کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس نہ صرف عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہی ہے۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور اسپانسر ادارے ڈی ایچ اے کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہمارے ہسپتال ویران ہوں گے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافی، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔