قومی فٹبال ٹیم فلپائن کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پر عزم

منگل 29 ستمبر 2026 20:51

قومی فٹبال ٹیم فلپائن کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پر عزم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2026ء) پاکستان مینز قومی فٹبال ٹیم فیفا آسیان کپ کے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 4-0 کی شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ میں فلپائن کے خلاف میدان میں اترے گی جہاں قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ فلپائن کو بھی اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں اسے ویتنام نے 1-0 سے ہرایا۔

پاکستان اور فلپائن کے درمیان اب تک صرف ایک مسابقتی میچ کھیلا گیا ہے۔2013 کے فلپائن پیس کپ میں ہونے والے اس مقابلے میں فلپائن نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان پہلی مرتبہ فیفا کے کسی ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے۔ گروپ میں شامل دیگر تمام ٹیمیں عالمی درجہ بندی میں پاکستان سے بہتر پوزیشن پر ہیں جبکہ فلپائن فیفا رینکنگ میں 135ویں نمبر پر ہے۔

تھائی لینڈ کے خلاف شکست کے باوجود پاکستان کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کو امید ہے کہ ٹیم فلپائن کے خلاف بہتر کھیل پیش کرے گی۔سولانو نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ ہم اپنے پہلے میچ سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں، یہ ہمارے لیے سیکھنے اور فیفا آسیان کپ کے ذریعے ملنے والے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا ایک اہم موقع ہے۔