فیفا آسیان کپ ، پاکستان کا فلپائن کیخلاف میچ ڈرا

منگل 29 ستمبر 2026 20:09

فیفا آسیان کپ ، پاکستان کا فلپائن کیخلاف میچ ڈرا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2026ء) علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے گول کی بدولت پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے منگل کے روز فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔علی اکبر نے قومی ٹیم کیلئے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیاجبکہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کو برابری دلائی۔

یہ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور اس میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی اسکور کیے۔فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان کو 136ویں نمبر کی فلپائن ٹیم نے ابتدائی لمحات میں دبا میں رکھا۔ فلپائن کو 24ویں منٹ میں برتری مل گئی۔

(جاری ہے)

محب اللہ نے گول لائن پر ہیڈر کو روکنے کی کوشش میں گیند کو کراس بار سے ٹکرا دیا لیکن سینڈرو ریز نے تیزی سے ردعمل دیتے ہوئے واپس آنے والی گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل فلپائن نے اپنی برتری دگنی کردی۔ محمد فضل کے اپنے پنالٹی ایریا میں ہاتھ سے گیند لگنے پر فلپائن کو پنالٹی ملی، جس پر بیورن کرسٹنسن نے یوسف بٹ کو غلط سمت بھیجتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف دو منٹ بعد پاکستان نے خسارہ کم کردیا۔ کپتان عبداللہ اقبال نے بائیں جانب علی اکبر کو گیند دی۔ علی اکبر نے ایک دفاعی کھلاڑی کو چکما دیا اور پھر کیون مینڈوزا کی ٹانگوں کے درمیان سے گیند نکالتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کردیا۔

پاکستان کی واپسی اس کے کچھ ہی دیر بعد مکمل ہوگئی۔ عبدالصمد ارشد نے دائیں جانب گیند اپنے قبضے میں لی، تیزی سے پنالٹی ایریا میں داخل ہوئے، بائیں جانب مڑے اور پھر مینڈوزا کو مات دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔ یہ قومی ٹیم کے لیے عبدالصمد کا دوسرا بین الاقوامی گول تھا۔دوسری جانب فلپائن کے ایک جوابی حملے میں محب اللہ نے گول کے بالکل قریب سے لگائی گئی شاٹ کے سامنے آکر اسے روک دیا اور پاکستان کو ایک خطرناک موقع سے بچایا اور میچ 2-2 سے برابر ہوگیا۔