ایس پی پی آر اے کے متنازع نوٹیفکیشن کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

چھوٹے و درمیانے درجے کے ٹھیکیداروں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، میر زمان مندوخیل

بدھ 30 ستمبر 2026 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) آل کنٹریکٹرز اتحاد کراچی، پاکستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور جنرل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (ایس پی پی آر ای) کے متنازع نوٹیفکیشن کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی۔پاکستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور آل کنٹریکٹرز اتحاد کراچی کے مرکزی رہنما میر زمان مندوخیل نے اپنے بیان میں کہا کہ متنازع نوٹیفکیشن سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ٹھیکیداروں کے معاشی حقوق اور روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست کی پیروی سابق صوبائی وزیر قانون اور سابق چیئرمین ایس پی پی آر اے بیرسٹر عمر سومرو کریں گے۔

(جاری ہے)

میر زمان مندوخیل نے پاکستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن، جنرل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالحئی مندوخیل اور صدر عبداللہ جان آفریدی کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور معاونت سے یہ آئینی اقدام ممکن ہوا۔

انہوں نے ان ٹھیکیداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کا کسی تنظیم سے تعلق نہیں لیکن انہوں نے مشترکہ مقصد کے لیے مالی تعاون اور اجلاسوں میں شرکت کی، جبکہ ابتدائی مشاورتی مرحلے میں شامل سٹی کنٹریکٹرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔میر زمان مندوخیل نے کہا کہ آئین اور عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے سی تھری سے سی سکس ٹھیکیداروں کے مساوی حقوق، شفافیت اور معاشی تحفظ کی بحالی تک آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔