ایف آئی اے گوجرانوالہ کی کارروائیاں، دو روز میں 16 ملزمان گرفتار

بدھ 30 ستمبر 2026 21:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 28 اور 29 ستمبر 2026 کے دوران گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سرکلز میں مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں متعدد اشتہاری ملزمان اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں علی چیمہ، احتشام انصار، پروین بی بی، سید سجاد حیدر، اقصیٰ وزیر، سمیرا بی بی، محمد ارشد، زمرد ریاض سندھو، وسیم سجاد، زین علی، محمد رفاقت علی، غضنفر حسین، محمد شبیر، ملک ریاض، ابوبکر اور سعید حکیم خان شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں کو پولینڈ، لکسمبرگ، کینیڈا، اٹلی، قطر، برطانیہ، دبئی، رومانیہ، یونان اور بحرین سمیت مختلف ممالک بھجوانے اور بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کیں، تاہم وعدے پورے نہ کیے اور متاثرین کی رقوم واپس کرنے سے بھی گریز کیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر متاثرین سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ 85 ہزار روپے وصول کرکے فراڈ کرنے کا الزام ہے۔

ایک کارروائی میں ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے دو خواتین ملزمان اقصیٰ وزیر اور سمیرا بی بی کو گرفتار کیا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے متاثرہ شخص کے دو بھائیوں کو اٹلی بھجوانے کے نام پر 65 لاکھ روپے وصول کیے۔ایک اور کارروائی میں ملزم احتشام انصار کو اپنی اہلیہ پروین بی بی کے ہمراہ لکسمبرگ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 29 لاکھ روپے وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ نے ملزم سعید حکیم خان کو گرفتار کیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے متاثرہ شخص کو کینیڈا اسٹڈی ویزے پر بھجوانے کے نام پر 66 لاکھ 74 ہزار روپے وصول کرکے فراڈ کیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ مقدمات میں امیگریشن آرڈیننس 1979 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ بعض گرفتار ملزمان مختلف مقدمات میں اشتہاری بھی تھے۔ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور شہریوں کو دھوکہ دہی کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔