جلا وطن سابق کرغز صدر کو عدم موجودگی میں عمرقید کی سزا ، اثاثے منجمد کردئیے گئے،کرمان بیک باکیوف کے بھائی ،بیٹے اور دو دیگر اہلکاروں کو بھی سزائیں سنائی گئیں

اتوار 27 جولائی 2014 08:42

بشکک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جولائی۔2014ء)کرغزستان کے جلا وطن سابق صدر کرمان بیک باکیوف کو گزشتہ روز 2010ء میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کی کوشش پر ان کی عدم موجودگی میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے اور ان کے اثاثے منجمد کردئیے گئے ہیں۔باکیوف سابق سوویت وسطی ایشیائی ریاست میں کرپشن اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہروں جس میں80سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے کے پیش نظر اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہوگئے تھے۔

دارالحکومت بشکک میں عدالت نے باکیوف کے چھوٹے بھائی جانی بیک باکیوف جو سابق سیکورٹی سربراہ رہ چکے ہیں کو اپریل 2010ء میں احتجاجی مظاہرین کو کچلنے کی ناکام کوشش میں ان کے کردار پر عمرقید کی سزا سنائی ہے۔

(جاری ہے)

کربان بیک باکیوف کے بیٹے میکسیم کو منی لانڈرنگ اور اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال پر 10سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔جانی بیک باکیوف اور میکسیم بھی اپنے خلاف فیصلوں کے دوران عدالت میں موجود نہیں تھے۔

دو دیگر اعلیٰ سطحی اہلکاروں جن پر جانی بیک باکیوف کے احکامات پر عملدرآمد کا الزام تھا انہیں بھی 25,25سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔باکیوف اور ان کا خاندان اب ایک اور سابق سوویت ریاست بیلاروس میں مقیم ہیں،وہ تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں اور اپنے خلاف قانونی کارروائی کو سیاسی نوعیت کی قرار دے رہے ہیں۔