الرقہ :جہادیوں کے حملے میں 50 شامی فوجی ہلاک،داعش کے جنگجووٴں کا 75 شامی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اتوار 27 جولائی 2014 08:39

دمشق،بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جولائی۔2014ء)دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے وابستہ جنگجووٴں نے شام کے شمالی صوبے الرقہ میں ایک حملے میں پچاس اسدی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے گزشتہ روزان شامی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور اس مانیٹرنگ گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ داعش کے جنگجووٴں نے ان پچاس شامی فوجیوں پر حملہ کیا تھا۔

ان میں بعض کو لڑائی میں ہلاک کردیا تھا اور کچھ کو گرفتار کر لیا تھا۔انھیں بعد میں موت کی نیند سلا دیا ہے اور انھوں نے ان میں سے بیشتر کے سرقلم کردیے ہیں۔داعش کے جنگجووٴں نے جھڑپ میں پچھہتر شامی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ شامی فوج کی سترھویں ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے ان فوجیوں کو ابوشارد کے علاقے سے پکڑا گیا تھا اور اس کے بعد ان کے سرقلم کردیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شامی حکومت نے الرقہ میں ان فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔داعش کے جنگجووٴں نے الرقہ کے بیشتر علاقے پر قبضہ کررکھا ہے لیکن اس کے باوجود شام کی تین ڈویڑن فوج وہاں موجود ہے۔ آبزرویٹری کی اطلاع کے مطابق جمعہ کو سترھویں ڈویڑن کو نئی پوزیشنوں پر تعینات کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ داعش نے شام اور عراق کے بیشتر علاقے پر قبضہ کررکھا ہے اور اس نے گذشتہ ماہ اپنے زیرنگیں علاقوں میں خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔اب اس تنظیم سے وابستہ جنگجو شام کے مزید علاقے اپنے کنٹرول میں لانے کے لیے شامی فوج کے خلاف محاذ آراء ہیں۔

متعلقہ عنوان :