میڈیا پر کسی قسم کی قدغن لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں، پر ویز رشید

ہفتہ 23 اگست 2014 09:46

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اگست۔2014ء) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا پر کسی قسم کی قدغن لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق وہ جمعہ کو قومی اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے والے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے قومی اسمبلی کی پارکنگ میں صحافیوں کی گاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت نہ دینے اور صحافیوں پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے مظاہرین کے حملے کے خلاف کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی ہمراہ تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں اور میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی پابندی کا ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے صحافیوں پر حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کچھ عناصر کیبل آپریٹرز کو زبردستی مجبور کر رہے ہیں کہ وہ کچھ مخصوص چینلز کو آن ائر نہ کریں جو کہ افسوسناک ہے،