بھارت نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل پر مبنی فلم پر پابندی عائد کر دی

ہفتہ 23 اگست 2014 09:48

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اگست۔2014ء) بھارت میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل پر مبنی فلم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، فلم کے بارے میں یہ شکایت کی گئی تھی کہ اس میں قاتلوں کو ہیرو بنا کر پیش کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی خفیہ اداروں نے اس فلم کی ریلیز سے ممکنہ تشدد کا عندیہ دیا تھا۔ فلم ’قوم دے ہیرے‘ جمعے کے روز ریلیز ہونا تھی۔

فلم میں اندرا گاندھی کے سکھ محافظوں کی کہانی بتائی گئی ہے جس میں بظاہر انھوں نے وزیراعظم کو اس وقت قتل کر دیا جب انھوں نے گولڈن ٹمپل میں فوجوں کو داخل ہونے کے احکامات جاری کئے۔ اس واقعے میں جب فوج سکھوں کے مقدس ترین مقام میں داخل ہوئی تو ہزاروں سکھ ہلاک ہوئے تھے۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد بھارت میں نسلی فسادات کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا اور ملک بھر میں کم از کم 3000 سکھوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کی شب بھارت میں ریلیز ہونے والی فلموں کے نگراں ادارے سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے امن و امان کی ممکنہ کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر فلم کی ریلیز روک دی ہے۔ فلم کے پیش کار راوندر سنگھ نے اپنی فلم کا متعدد بار سختی کے ساتھ دفاع کیا ہے تاہم اب تک انھوں نے اس تازہ ترین فیصلہ پر اپنا ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق راوندر سنگھ نے کہا کہ انھوں نے فلم بنانے سے پہلے اس قتل کے مقدمے اور بعد میں انکوائری رپورٹ کی باریک بینی سے چھان بین کی۔ اس کے علاوہ انھوں نے کہا کہ میں نے ستونت اور بیانت سنگھ کے گھر والوں کے ساتھ بہت وقت گزارا۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سیاسی قتلوں کے بارے میں فلمیں بنتی ہیں تو اندرا گاندھی کے قتل کے بارے میں فلم کیوں نہیں بن سکتی۔ تاہم اندرا گاندھی کی جماعت کانگریس نے فلم کی ریلیز کی صورت میں پنجاب میں مظاہرے کرنے کااعلان کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے یوتھ ونگ نے وزیراعظم مودی کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اس فلم پر پابندی لگا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :