یو اے ای ،امریکی خاتون کی مشتبہ قاتلہ گرفتار،نقاب پوش خاتون کے قبضے سے بڑی تعداد میں چاقو اور بم بنانے کا سامان برآمد

جمعہ 5 دسمبر 2014 04:51

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء)متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کی پولیس نے ابوظبی مال میں ایک امریکی خاتون کو چاقو گھونپ کر قتل کرنے والی مشتبہ نقاب پوش عورت کو گرفتار کر لیا ہے۔یو اے ای کے نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ لیفٹیننٹ جنرل سیف بن زاید نے اپنی وزارت کے ٹویٹر اکاوٴنٹ پر جاری کردہ ایک مختصر بیان میں اطلاع دی ہے کہ ''نقاب پوش مشتبہ شخصیت اس وقت پولیس کی حراست میں ہے''۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ ملزمہ کی عمر اڑتیس سال ہے۔ابوظبی پولیس کے کرنل راشد بو رشید نے جمعرات کو نیوزکانفرنس میں بتایا ہے کہ ''مشتبہ ملزمہ نے گذشتہ سوموار کو امریکی خاتون کو قتل کرنے کے بعد یو اے ای میں مقیم ایک ڈاکٹر کے اپارٹمنٹ کے بیرونی دروازے پر بم بھی نصب کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس بم کو ناکارہ بنا دیا گیا تھا لیکن اس سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا''۔

اے بی سی نیوز اور دوسرے امریکی میڈیا ذرائع نے سوموار کو نقاب پوش خاتون کے ہاتھوں قتل ہونے والی کنڈر گارٹن ٹیچر کی شناخت آئبولیا ریان کے نام سے کی تھی۔ وہ رومانیہ نڑاد تھی اور گیارہ سال کے دو جڑواں بچوں کی ماں تھی۔اس سے قبل وہ امریکی ریاست کولوراڈو میں پڑھاتی رہی تھی۔ابوظبی کے شاپنگ مال کے کلوزسرکٹ ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بدھ کو جاری کی گئی تھی۔

اس میں حملہ آورعورت دوپہر ایک بج کر بارہ منٹ پر شاپنگ مال میں داخل ہوتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے۔اس کے بعد وہ ریسٹ روم میں داخل ہورہی ہے جہاں سے نوے منٹ کے بعد باہر نکل رہی ہے۔فوٹیج میں ایک خون آلود چھری اور ریسٹ روم کے فرش پر خون کے دھبوں کی تصاویر بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔یو اے ای کی وزارت داخلہ نے اس واقعے کی مکمل فوٹیج جمعرات کو جاری کی ہے۔

اس میں ایک مکمل نقاب پوش خاتون ابوظبی کی ایک عمارت میں داخل ہورہی ہے۔وہ پہیوں والا سوٹ کیس کھینچ رہی ہے اور اس میں اس نے مبینہ طور پر بم چھپا رکھا ہے۔اس فوٹیج میں پولیس کے ایک مکان پر چھاپے کی کارروائی دکھائی گئی ہے۔اس مکان میں اس عورت نے پاجاما پہن رکھا ہے اور وہ ایک مرد کے ساتھ موجود تھی۔پھر پولیس اس مرد کو ہتھکڑیاں لگا لیتی ہے۔

وزارت داخلہ نے فوٹیج میں نظر آنے والے اس مرد کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے کہ آیا اس حملے میں اس کا بھی کوئی کردار تھا۔فوٹیج میں متعدد چاقو اور بم بنانے کا سامان دیکھا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ اس مشتبہ عورت کی کار کے پہیّوں پر بھی خون کے دھبے دیکھے جاسکتے ہیں۔ابوظبی میں امریکی خاتون کو چاقو گھونپنے کا یہ واقعہ عین اس روز پیش آیا تھا جس روز عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ترجمان ابو محمد العدنانی کا ایک بیان انٹر نیٹ پر جاری کیا گیا تھا۔

اس میں انھوں نے مسلمانوں پر زوردیا تھا کہ ''وہ کسی بھی طریقے سے مغربی باشندوں پر حملہ آور ہوں، خواہ یہ ان کے چہرے پر ایک چپت ہی کیوں نہ ہو''۔واضح رہے کہ یو اے ای نے امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں ستمبر میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کے جنگی طیارے بھی شام میں اس جنگجو گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔تاہم عراق میں فضائی حملے نہیں کررہے ہیں۔