پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبہ میں 35 لاکھ بنیادی تعلیم سے محروم( آؤٹ آف سکول) بچوں کی مفت تعلیم کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ،5 سے16 سال کی عمر تک کے بنیادی تعلیم سے محروم( آؤٹ آف سکول) بچوں کو 3سال4ماہ(40 مہینوں) پر مشتمل دورانیہ کا ”فاؤنڈیشن کورس“ کروایا جائے گا

جمعہ 5 دسمبر 2014 04:43

اٹک کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبہ پنجاب میں 35 لاکھ بنیادی تعلیم سے محروم( آؤٹ آف سکول) بچوں کی مفت تعلیم کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، اس منصوبے کے تحت5 سے16 سال کی عمر تک کے بنیادی تعلیم سے محروم( آؤٹ آف سکول) بچوں کو 3سال4ماہ(40 مہینوں) پر مشتمل دورانیہ کا ”فاؤنڈیشن کورس“ کروایا جائے گا،یہ تعلیمی کورس صوبائی محکمہ لٹریسی پنجاب نے تیار کیا ہے،3سال4ماہ(40مہینوں) پر مشتمل اس”فاؤنڈیشن کورس“ کی تکمیل کے بعد یہ تمام بچے پرائمری سر ٹیفکیٹ کے اہل ہوں گے، اس طرح ایک خوشحال ، تعلیم یافتہ اور روادار معاشرہ تشکیل پائے گا،ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ محمد انور نے اپنے دورہ اٹک کے موقع پرپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے”فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول “ (ایف اے ایس ) پروگرام کے متعلق ضلع اٹک کی6تحصیلوں میں قائم ضلع اٹک سے منسلک سکول مالکان کے اجلاس سے ایک مقامی ہوٹل میں خطاب کے بعد ”خبر رساں ادارے“ کے نمائندہ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا ہے ،اس موقع پر اجلاس میں ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلیمان ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (فنانس)سلیمان انور ملک ، ڈائریکٹر ندیم مسعود، ایڈیشنل ڈائریکٹرز افتخار ربانی، مسز زبیدہ مسلم علی ، سید نوید عباس اور دیگر افسران بھی موجود تھے، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ محمد انور نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے قیام سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے، انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے ماہانہ واجبات میں فوری طور پر اضافہ کر دیا ہے، اب پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سکولوں میں ایلیمنٹری سطح پر فی طالبعلم 450/- روپے،سیکنڈری (آرٹس) فی طالبعلم500/- روپے ، سیکنڈری(سائنس) فی طالبعلم 600/- روپے، ہائیر سیکنڈری سکول(آرٹس) فی طالبعلم700/- روپے جبکہ ہائیر سیکنڈری سکول میں سائنس کے طالبعلم کے لیے 900/- روپے ماہانہ ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کو بنیادی تعلیم سے محروم ( آؤٹ آف سکول) بچوں کی تعلیم کے لیے صبح کے ادقات میں کلاسوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ شام میں بھی کلاسوں کے اجراء کی اجازت ہوگی اس طرح بنیادی تعلیم سے محروم( آؤٹ آف سکول) بچوں کی تعلیم سے ملک اور خصوصاََ پنجاب سے جہالت اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور غریب طبقات کی سماجی و معاشی پسماندگی دور ہو گی ، ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلیمان نے”خبر رساں ادارے“ کے نمائندہ کو بتایاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن صوبہ پنجاب کے 35 لاکھ بنیادی تعلیم سے محروم بچوں کی تعلیم کے لیے اہم کردار ادا کر ے گی، یہ فاؤنڈیشن کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس سے صوبہ پنجاب بھر میں خواندگی میں اضافہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکول فروغ تعلیم کے عمل میں اہم کردار ادا کریں گے تاکہ بے وسیلہ گھرانوں کے غریب اور یتیم بچے علم کی دولت سے آراستہ ہو کر زندگی کی دوڑ میں دوسرے تمام بچوں کی طرح آگے آئیں،انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کا اصول ہمارا سب سے اہم اور اولین مقصد ہے، اسی طرح پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن لڑکیوں کی بنیادی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم ایک بڑا مشن ہے جسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (فنانس)سلیمان انور ملک نے ”خبر رساں ادارے“کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے ” فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول “ (ایف اے ایس ) پروگرام کے ساتویں مرحلے میں اپنے پارٹنر سکولوں کو کمپیوٹرز کی خریداری کے لیے آسان قرضے دے گی، انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے ” فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول “ (ایف اے ایس ) پروگرام میں بنیادی تعلیم سے محروم (آؤٹ آف سکول) بچوں کی مفت تعلیم کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے ، اس طریقہ کار کے مطابق اے پلس(A+) کیٹیگری کے سکولز 120 طلباء، اے(A) کیٹیگری کے سکولز 90 طلباء، بی پلس(B+) کیٹیگری کے سکولز 60 طلباء جبکہ بی(B) کیٹیگری کے پارٹنر سکولز30طلباء کو داخلہ دے سکیں گے،آخر میں چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ محمد انور نے مزید بتایاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبے ” فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول “ (ایف اے ایس ) پروگرام میں توسیع کا آٹھواں مرحلہ جلد لانچ کیا جا رہا ہے ، اس طرح مزید غریب،یتیم اور مستحق بچوں کو خوشگوارماحول میں مفت تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا ، اجلاس کے اختتام پر چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ محمد انور اور ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلیمان نے اعلی تعلیمی کارکردگی کے حامل پارٹنر سکولوں میں حوصلہ افزائی کے چیکس اور تعریفی اسناد تقسیم کی ہیں تاکہ پنجاب میں تعلیم کا معیار بہتر ہو سکے اور پنجاب کے لٹریسی ریٹ کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکے

متعلقہ عنوان :