وزیراعلیٰ پنجاب سے پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شہبازشریف سے اظہار تشکر،نابینا افراد معاشرے کی خصوصی توجہ اورمحبت کے مستحق ہیں،انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے معذرت کرتا ہوں،شہبازشریف،نابینا افراد کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے ،ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے،وزیراعلیٰ کانابینا افراد کے مطالبات کے حل کیلئے بروقت بات چیت نہ کرنے اور اقدامات نہ اٹھانے پربرہمی کا اظہار،شہبازشریف کی نابیناافراد کے مطالبات کے حل کی یقین دہانی،اعلی سطحی کمیٹی کو 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم،جو سائل شہبازشریف تک پہنچ جائے اس کا مسئلہ ضرور حل ہوتا ہے ،اسی لئے آپ سے ملنا چاہتے تھے،وفدکے اراکین

جمعہ 5 دسمبر 2014 04:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز یہاں پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عامر اشرف کی قیادت میں نابینا افراد کے وفد نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد معاشرے کے ہرفرد کی خصوصی توجہ اور محبت کے مستحق ہیں۔

گذشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے ۔میں انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے آپ کے ساتھ پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ پر معذرت کرتا ہوں ۔ایسا افسوسناک واقعہ کسی صورت پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔متعلقہ وزراء ،سیکرٹریز،انتظامی و پولیس افسران کی ذمہ داری تھی کہ وہ ایسے واقعہ کو رونما ہونے سے روکنے کیلئے ہر اقدام اٹھاتے لیکن معاملے کو مس ہینڈل کیا گیاجس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں گذشتہ روز قطر کے دورے پر تھا لیکن جونہی مجھے اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملی میں نے فوری طورپر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن اورسوشل ویلفےئر ڈیپارٹمنٹ کے وزراء اورسیکرٹری صاحبان کو اس ضمن میں پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے فی الفور رابطہ کرنا چاہیے تھا اور ان سے بات چیت کرکے معاملے کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیے تھے لیکن مجھے افسوس ہے کہ متعلقہ محکموں اورافسروں نے ذمہ داری پوری طرح نہیں نبھائی اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

پولیس اورانتظامیہ کی جانب سے بھی معاملے کو مس ہینڈل کیا گیا،جو بھی نابینا افراد کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں ملوث ہوا اس کو کڑی سزا ملے گی۔وزیراعلیٰ نے نابینا افراد کے مطالبات کے حل کیلئے بروقت بات چیت نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایسے واقعہ کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کو فوری طورپر حرکت میں آنا چاہیے تھااوریہ معاملہ اچھے طریقے سے حل کیا جاسکتا تھا لیکن مجھے انتظامیہ اور پولیس کے رویے سے مایوسی ہوئی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے نابینا افراد کو ان کے مطالبات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ وزراء ،چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزتمام مطالبات کا جائزہ لیکر 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کریں ۔انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کے ساتھ پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کے ذمہ دارسزا سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ سخت محکمانہ ایکشن بھی لیا جائے ۔

اس موقع پر پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ کو اپنے مطالبات کے حوالے سے عرضداشت پیش کی ۔پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی اوران کے مسائل پر ہمدردانہ غور کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جو سائل شہبازشریف تک پہنچ جائے اس کا مسئلہ ضرور حل ہوتا ہے اوراسی لیے ہم آپ سے ملنا چاہتے تھے ۔اس موقع پر صوبائی وزراء آصف سعید منیس،کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،ہارون سلطان، ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،سی سی پی او،کمشنر و ڈی سی او لاہور موجود تھے ۔