پہلا ٹی 20،پاکستان نے کیویز کو سات وکٹو ں سے شکست دیدی،سیریز میں 1-0کی برتری ،سرفراز احمد شاندار بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ قرار، دوسرا اور آخری ٹی 20آج جمعہ کو کھیلا جائے گا

جمعہ 5 دسمبر 2014 04:39

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء)پاکستان نے پہلے ٹی 20میچ میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیکر دومیچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ہے ، سرفراز احمد شاندار بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ قرارپائے ،سریز کا دوسرا اور آخری ٹی 20آج جمعہ کو کھیلا جائے گا۔جمعرات کی شب پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کے لیے کورے اینڈرسن چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ان کے علاوہ گپٹل اور رونکی نے بالترتیب 32 اور 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔پاکستانی باؤلرز کی ابتدائی تین اوورز میں تین وکٹوں سے نیوزی لینڈ کی ٹیم آغاز میں دباوٴ میں آئی لیکن چوتھی وکٹ کے لیے مارٹن گپٹل اور کورے اینڈرسن کے درمیان 46 رنز کی شراکت نے یہ دباوٴ ختم کیا۔

(جاری ہے)

کورے اینڈرسن کو ابتدا میں ہی محمد عرفان کے باوٴنسر نے گڑبڑا دیا بعدازاں رونکی اور اینڈرسن نے 51 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان اور سہیل تنویر نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ شاہد آفریدی، رضا حسن اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔136رنز کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے لیے سرفراز احمد اور اویس ضیا نے اننگز شروع کی اور 50 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ اویس کے رن آوٴٹ ہونے پر ہوا۔

انھوں نے 20 رنز بنائے۔اس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف دو رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھوں رن آوٴٹ ہو گئے۔حفیظ کے بعد حارس بیٹنگ کے لیے آیے لیکن زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہرے اور 11 رنز بنا کر کیچ آوٴٹ ہو گئے۔اس سے پہلے ساتویں اوور میں پاکستان کو ایک چانس اس وقت بھی ملا جب امپائر نے نیتھن میککلم کی گیند پر اویس ضیا کو ایل بی ڈبلیو آوٴٹ نہیں دیا جبکہ ہاک آئی کے مطابق گیند وکٹوں کے بالکل سامنے ان کی ٹانگ پر لگی تھی۔

سرفرا زحمد نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا وہ 76رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عمرا کمل نے 27رنز بنائے انہوں نے چھکے کے ساتھ وننگ شارٹ کھیلا ،پاکستان نے ہدف 20اوور کی پہلی گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ،سرفراز احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا،سیریز کا دوسرا ٹی 20میچ آج جمعہ کو اسی مقام پر کھیلاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :