مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورہ مصر کی دعوت دی

ہفتہ 1 اگست 2015 09:14

ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 اگست۔2015ء) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورہ مصر کی دعوت دی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ نے سعودی عرب کے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیردفاع کے جمہوریہ مصر کے دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور یہ دورہ نہایت کامیاب ثابت ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو قاہرہ میں مصری صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے خوش گوار موڈ میں طویل ملاقات کی تھی۔

شہزادہ محمد کے قاہرہ پہنچنے پر صدر السیسی نے خود ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہ نماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے موضوعات پرطویل گفتگو ہوئی۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے سرکردہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مصری ایوان صدر کے ترجمان علاء یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ صدر جمہوریہ نے خود سعودی مہمان کو خوش آمدید کہا۔ شہزادہ محمد نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے صدر السیسی کے لیے خصوصی پیغام بھی ان تک پہنچایا۔

صدر السیسی نے کہا کہ مصرہمیشہ عرب اقوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑتا رہا ہے۔ اب بھی اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ خلیجی خطہ مصر کے لیے سرخ لکیر اور مصر کی قومی سلامتی کا جز لازم بن چکا ہے۔اس موقع پر مصری صدر نے سعودی عرب کی قیادت کی طرف سے مصری قوم کی مالی اور سیاسی مدد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاض نے ہرمشکل میں مصری عوام کا ساتھ دے کر عرب بھائی چارے کا ثبوت فراہم کیا۔

ذرائع کے مطابق نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے والد شاہ سلمان کا ایک خصوصی پیغام بھی مصری صدر عبدالفتاح السیسی تک پہنچایا۔ خصوصی پیغام میں شاہ سلمان کی جانب سے مصری قیادت کی خلیجی ممالک کے لیے خدمات کی تحسین کی گئی ہے۔ عرب ممالک کی وحدت اور تمام شعبوں میں عرب اقوام کے اشتراک کے حوالے سے بھی مصر کے جامع کردار کی تعریف کی گئی ہے۔

مصری ایون صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر السیسی نے بھی شاہ سلمان کو ایک خصوصی پیغام بھیجا ہے، جس میں انہیں دورہ مصر کی دعوت بھی دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مصر عوام شاہ سلمان کی آمد کے منتظر ہیں۔ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور صدر السیسی کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، اقتصادی اور معاشی ترقی کے لیے دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے فروغ، عرب ممالک کو درپیش امن امان کے مسائل، انتہا پسند گروپوں کے خلاف جاری جنگ اور عرب اقوام کی آزادی کے لیے جاری تحریکیں اور عرب خطے کے استحکام جیسے موضوعات پرتبادلہ خیا کیا گیا۔

بعد ازاں شہزادہ سلمان نے قاہرہ ملٹری اکیڈیمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بھی شرکت کی۔ تقریب میں مصرکی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل صدقی صبحی بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :